بلاگ

ترتیب و تنظیم پسند افراد

یہ شخصیت Arranger کہلاتی ہے۔ مسائل کو سلجھانا، خواہ کتنے ہی پیچیدہ ہوں، ان کیلئے مشکل نہیں ہوتا۔ انھیں مختلف سرے ترتیب دینے اور انھیں سلجھانے میں بڑا لطف آتا ہے۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ وہ جو کچھ کریں، وہ اپنی جگہ بہترین ہو۔ چنانچہ انھیں اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر کرنے میں بہت مزہ آتا ہے۔ یہ افراد جو کچھ کرتے ہیں، اگرچہ اس ضمن میں ان کے سامنے کوئی خاص ہدف یا منزل نہیں ہوتی کہ فلاں کام سے وہ کوئی ہدف مکمل کرنا چاہتے ہیں، بلکہ وہ محض اپنے مزاج سے مجبور ہوتے ہیں کہ کوئی بھی کام ہو، اسے بہترین معیار کے ساتھ انجام دیا جائے۔

Arranger شخصیت والوں کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ وہ اپنے ذہن میں ایک ساتھ کئی کام اور ان کی تفصیلات محفوظ کرلیتے ہیں۔ چنانچہ دوسری شخصیت والے افراد حیران ہوتے ہیں کہ یہ لوگ اپنے ذہن میں ایک ساتھ اتنی متفرق چیزیں کیوں کر سمولیتے ہیں۔ ترتیب و تنظیم کی اسی صلاحیت کی وجہ سے یہ لوگ ایک ساتھ کئی کام منظم و مرتب کرنے کے قابل ہوتے ہیں۔ تاہم، ان لوگوں کی یہ خوبی بعض اوقات خامی بھی بن جاتی ہے۔ سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ یہ لوگ کسی اور انداز سے سوچنے کے قابل نہیں رہتے۔ چنانچہ اگر ایمرجنسی میں آخری منٹ پر اپنی پرواز کا شیڈیول بدلنا پڑے یا کوئی میٹنگ منسوخ کرنا پڑے تو اس شخصیت کے حامل افراد کیلئے یہ کوئی پریشان کن بات نہیں ہوتی۔ ایسی صورت میں بھی یہ افراد اس کوشش میں رہتے ہیں کہ بہترین معیار برقرار رکھا جائے۔ البتہ اگر انھیں وقت مل جائے تو کسی الجھن یا پریشانی کی صورت میں مسئلے کے مختلف پہلوئوں پر غور و خوض کرکے درست فیصلہ کرنا اور متبادل حل تلاش کرنا ان لوگوں کیلئے آسان ہوتاہے۔یہ افراد جانتے ہیں کہ اگر راستے میں کوئی مزاحمت یا رکاوٹ ہے تو اسے کیسے کم یا دور کیا جاسکتا ہے۔ یوں، وہ بہتر طور پر فیصلہ کرنے اور عمل کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔ یہ شخصیت رکھنے والے ہمیشہ بہترین کرنے کی کوشش میں رہتے ہیں۔ترتیب و تنظیم پسند افراد کیلئے مفید مشورے

درج ذیل ہدایات اور مشورے آپ کو آپ کی Arrange شخصیت کے مطابق درست کیریر کے انتخاب میں مددگار ہوسکتے ہیں۔ جب آپ ان پر غور کریں تو وہ کیریر منتخب کریں جو آپ کے خیال میں آپ کی شخصیت سے سب سے زیادہ قریب ہو۔ ٭ ایسے ماحول یا شعبے میں کام کیجیے جہاں لگی بندھی روٹین سے ہٹ کر کام کرنے کا موقع ملے، یعنی روزانہ کچھ نیا کرنے کو ملے۔ ٭ ایسے ماحول میں کہ جہاں پیچیدہ معاملات پے در پے آپ کے سامنے آئیں، آپ کو کام کرنے میں بہت لطف آئے گا۔ ٭ ایک فہرست بنائیے جس میں آپ اپنی کام کی جگہ کو بہتر بنانے کیلئے دوسروں سے جو مشورے لیتے ہیں، وہ تحریر کرتے جائیے۔ ٭ ایسے طریقے تلاش کیجیے جن کی مدد سے آپ مزید کام کرنے کے قابل ہوسکیں۔ ٭ دوسروں نے اپنے لیے جو اہداف طے کیے ہیں، انھیں سمجھئے اور پھر ان کے بارے میں گفتگو کیجیے۔ ٭ باقاعدگی سے مختلف پروگرام کرتے رہا کیجیے۔ اس سے آپ کی ترتیب و تنظیم کی فطری صلاحیت کو جلا ملے گی۔ ٭ ان افراد کیلئے مناسب کیریر: ٹریول ایجنٹ، ایونٹ مینیجر، ہیومن ریسورس ڈائریکٹر، سپروائزر، آڈیٹر۔