معلومات

نیٹ فلکس کی کہانی

"آپ میری کمپنی کو50 ملین ڈالرز میں خرید لیں اور مجھ سے آپ کی آن لائن اسٹریمنگ کی سائٹ کو چلانے کے حقوقِ کا معاہدہ کرلیں، میں اسے کامیابی سے ہم کنار کر دونگا۔”امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں ایک چالیس سالہ پرجوش شخص اپنے اسٹارٹ آپ کو بچانے کی آخری کوشش کے طور پر اسے کسی بڑی کمپنی میں ضم کرنا چاہتا تھا۔

یہ سن 2000 کی بات ہے جب نٹ فلیکس ڈاک کے ذریعے ڈی وی ڈی سپلائی کرنے کا بزنس کر رہی تھی۔ اس کا بانی ریڈ ہیسٹنگز نیٹ فلیکس سے ہزار گنا بڑی کمپنی”بلاک بسٹر” کے مالک کی طرف پرامید نظروں سے دیکھ رہا تھا۔ جس کے آن لائن ویڈیو رینٹل کے بزنس کا ہر طرف چرچا تھا۔ “میرے خیال میں یہ ایک گھاٹے کا سودا ہوگا”۔ بلاک بسٹر کے مالک نے کرسی کو پیچھے کی طرف دھکیلا اور اپنے ساتھیوں کو چلنے کا اشارہ کیا۔

مگر چند ہی سالوں میں منظر بدل چکا تھا۔ نیٹ فلیکس ڈیڑھ کروڑ سبسکرپشن کے ساتھ ایک بڑی کمپنی بن چکی تھی اور بلاک بسٹر دیوالیہ ہو چکی تھی۔ نیٹ فلیکس سے مقابلہ کرنا اس کے بس سے باہر ہوچکا تھا۔ یہ سب کیسے ہوا؟ یہ سمجھنا بہت آسان ہے، کمپنی کلچر کو بدل کر جس نے نیٹ فلیکس کو تین سو گنا کی رفتار سے ترقی کرنے والی کمپنی بنادیا۔ 2018 کے سروے کے مطابق نیٹ فلیکس میں کام کرنا ہر شخص کی تمنا بن چکی تھی۔

جب ریڈ ہیسٹنگز نے نیٹ فلیکس کا پالیسی ڈاکومنٹ جاری کیا تو سب پڑھ کر دنگ رہ گئے۔ کارپوریٹ کلچر میں اس طرح کی باتیں ناقابل عمل لگتی ہیں۔ فیس بک کی سی اواو، شیرل سینڈبرگ نے اسے سیلیکون ویلی سے جاری کردہ سب سے اہم ڈاکومنٹ قرار دیا۔ اصل میں ہیسٹنگز نے اس میں نیٹ فلیکس کی کامیابی کا نسخہ تحریر کیا تھا۔

اس پالیسی پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ اس میں تین نکات بہت اہم ہیں۔پہلی بات یہ کہ ذہین اور قابل ترین "راک اسٹارز” لوگوں کو اپنی ٹیم میں شامل کیا جائے۔ مگر راک اسٹارز کو کیسے جمع کیا جائے اور ٹیم میں شامل کیا جائے؟ سوال مشکل ہے مگر جواب آسان ہے۔ انھیں راک اسٹار تنخواہیں دے کر۔ انھیں اپنا کام کرنے کی پوری آزادی اور نتائج کا زمہ دار بنادیا جائے۔ٹیلنٹڈ لوگوں کی اس ٹیم میں کوئی نا اہل برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے شخص کو فارغ کرنے میں زرا سی بھی سستی نہ کی جائے۔ مثل مشہور ہے "ایک مچھلی سارے جل کو گندہ کرتی ہے۔ بہت سے معمولی لوگوں کو تھوڑے تھوڑے سے پیسے دینے کے بجائے ایک اعلیٰ شخص کو زیادہ پیسے دینا ہی عقلمندی ہے۔ بقول بل گیٹس، ایک بہترین سافٹ ویئر انجینئر عام سے سافٹویئر انجینئرسے ہزار گنا بہتر پرفارم کرتا ہے۔