بلاگ صحت معلومات

سوجی ہوئی آنکھوں کو کھیرے کے قتلوں سے آرام پہنچائیں

آنکھیں جب تک اچھی نہیں لگتیں جب تک ان میں تازگی نہ ہو، ان میں دلکشی نہ ہو۔ میک اپ کی بات ہو توبیوٹیشن کی زیادہ توجہ آنکھوں پر ہوتی ہے، کیوں کہ آنکھیں ساری شخصیت کا احاطہ کرتی ہیں۔ آنکھوں کی خوبصورتی کو قائم رکھنے کے لیے ہزاروں اقسام کی میک اپ پروڈکٹ بازاروں میں دستیاب ہیں۔ مہنگی سے مہنگی پروڈکٹ جنھیں استعمال کر کے آنکھوں کی دلکشی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ ایسی آنکھیں جو قدرتی طور پر حسین ہوں لیکن کبھی کبھی زیادہ تھکاوٹ، کام کی زیادتی کے باعث آنکھوں کے پیوٹے سوج جاتے ہیں۔ آنکھوں کی تھکن کی زیادہ تر کیا وجوہات ہیں اور کیسے اس سے نمٹا جاسکتا ہے؟

آنکھوں کی تھکن: (tired eyes) : وہ خواتین جنھیں زیادہ جاگنے کی عادت ہوتی ہے وہ وقت سے پہلے اپنی آنکھوں کی دلکشی کھو بیٹھتی ہیں۔ آنکھیں جتنی زیادہ آرام کریں گی ان کی دلکشی میں اتنا ہی اضافہ ہوگا۔ آنکھیں چوں کہ دل کی ترجمان ہوتی ہیں اور دل پر اثر کرنے والی کوئی بھی بات آنکھوں سے آنسوئوں کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے جس سے آنکھوں میں سرخی یا سوجن آجاتی ہے اور آنکھیں بے رونق ہوجاتی ہیں۔ وہ لوگ جو بہت زیادہ سگریٹ نوشی کرتے ہیں یا پھر کوئی اور ایسا نشہ جس میں الکحل کی مقدار زیادہ ہوتی ہے وہ بھی آنکھوں کی خوبصورتی کو کھوبیٹھتے ہیں،ان کی تھکن زدہ آنکھیں دیکھنے والے کے ذہن میں سو سو سوال اٹھاتی ہیں۔

سوجی ہوئی آنکھیں: (puffiness eyes) : سوجی ہوئی آنکھیں چہرے پر عیب کی طرح محسوس ہوتی ہیں، اور آنکھوں کے سوجنے کی مختلف وجوہات ہیں جن میں نیند کا پورا نہ ہونا، ذہنی دبائو، کسی بات پر مسلسل رونا،کسی کیڑے کے کاٹنے کی وجہ ، کسی میک اپ پروڈکٹ کا ری ایکشن یا پھر آنکھوں کی کوئی ایسی بیماری جس کی وجہ سے آنکھوں میں یا آنکھوں کے اطراف ورم یا سوجن آجاتی ہے۔

کھیرا سوجی ہوئی آنکھوں کا علاج: (treat puffiness eyes with cucumber) : کھیرا وہ نعمت ہے جس میں قدرت نے حسن اور خوبصورتی کو نکھارنے کے ایسے راز چھپائے ہیں کہ آج تک انسان انھیں تلاش کرنے میں مصروف ہے، اور اس کے فوائد دن بدن سامنے آتے جا رہے ہیں۔ کھیرا ایک بہت ہی عام سبزی ہے جو ہر سبزی کی دکان پر مل جاتا ہے، لیکن اس میں جو اجزا پائے جاتے ہیں وہ آنکھوں کے لیے نہایت مفید ہیں۔ کھیرے میں 80 فیصد پانی کی مقدار پائی جاتی ہے، اور پانی انسانی جسم اور جلد کے لیے بے انتہا ضروری ہے۔ کھیرے کے استعمال سے چہرے اور آنکھیں حسین ہوجاتی ہیں۔

مزید پڑھیں: رمضان میں وزن کم کرنے کے طریقے۔

اگر آپ کی آنکھیں سوج رہی ہیں یا ان میں بہت زیادہ تھکن ہے تو پھر آپ کچھ دیر کے لیے اپنی آنکھوں کو بند کر کے کھیرے کے قتلے آنکھوں پر رکھ کر چھوڑ دیں، اس سے ایسی ٹھنڈک ملے گی جو آپ کے آنکھوں کی ساری تھکن اپنے اندر جذب کر کے آپ کی آنکھوں کو تروتازہ بنا دے گی۔ سوجی ہوئی آنکھوں کے علاج کے لیے کھیرے کے رس میں چند قطرے لیموں کے شامل کر کے اسے مساج کے طور پر آنکھوں پر ہلکے ہاتھ سے لگائیں پھر دیکھیں آنکھیں کیسے صاف اور شفاف ہوجاتی ہیں۔ کھیرے کے ٹکڑوں کو کاٹ کر فریج میں رکھ دیں اور کسی تقریب یا شادی میں جانے سے آدھا گھنٹا پہلے اسے نکال کے آنکھوں کے ڈیلوں پر رکھ لیں ، آنکھوں کی سوجن بھی ختم ہوجائے گی اور گرمی بھی، اس سے آنکھیں مزید دلکش نظر آئیں گی کہ دیکھنے والا دیکھتا رہ جائے گا۔