ظنز و مزاح

نفسیاتی مسائل اور ان کا حل

نفسیاتی مسائل اور ان کا حل

سوال۔میں رات کو اکثر سوتے ہوئے ڈر جاتا ہوں‘ اِس کا کیا حل ہے؟ (الیاس کھدر۔کمالیہ)
جواب۔ آپ جب سوئے ہوتے ہیں تو آپ کو دیکھ کر دوسرے بھی ڈر جاتے ہیں لہذا دل پر لینے کی ضرورت نہیں‘آپ کے مسئلے کا بہترین حل یہ ہے کہ آپ آئندہ سونے سے پرہیز کریں ۔

سوال۔ مجھے غصہ بہت آتاہے‘ کئی دفعہ غصے کے عالم میں اپنے شوہرکو فرائی پین مار چکی ہوں‘ پلیز بتائیں میں کیا کروں؟ (ببلی میتھی۔قصور)
جواب۔ آپ کا سوال بڑا الجھا ہوا ہے‘ سمجھ نہیں آرہی کہ آپ اپنے غصے کا علاج پوچھنا چاہ رہی ہیں یا برتن بدلنا چاہ رہی ہیں؟ بہرحال غصے کا علاج یہ ہے کہ آئندہ جب بھی دل شوہر پر تشدد کرنے کی طرف مائل ہو‘ ذہن میں سوچیں کہ اگر آپ کے شوہر کو کچھ ہوگیا توآپ اپنی غلطیو ں کا الزام کس کے سر تھوپا کریں گی؟کس سے طوفانی بارش میں تنور سے روٹیاں منگوائیں گی؟؟؟ آپ کے شوہر نہ رہے تو آپ کے فرائی پین کو زنگ بھی لگ سکتا ہے لہذا شوہر کا نہ سہی فرائی پین کا ہی خیال ذہن میں لے آیا کریں‘ انشاء اللہ مزاج میں سکون محسوس کریں گی۔


سوال۔میں 20 سال سے سگریٹ پی رہا ہوں ‘ چھوڑنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا، اسی ٹینشن میں کاروبار پر بھی دھیان نہیں دے پارہا اور مالی پریشانیاں بھی بڑھ گئی ہیں‘ کوئی حل بتائیں؟( جمیل چڑا ۔ گوجرانوالہ)
جواب۔ انتہائی حیرت کی بات ہے کہ 20 سال سے آپ کا سگریٹ ہی ختم ہونے میں نہیں آرہا یقیناًآپ کوئی سٹین لیس سٹیل کا سگریٹ نوش فرما رہے ہیں یا سگریٹ پر مہلک قسم کی ایلفی لگی ہوئی ہے جو آپ کو سگریٹ نہیں چھوڑنے دے رہی۔ آپ کے لئے مشورہ ہے کہ پہلی فرصت میں اپنے ہاتھوں کوئی اصلی سگریٹ خریدیں اور مٹھی بند کر کے بھرپور کش لگائیں‘ انشا ء اللہ سوا پانچ منٹ کے اندر اندر سگریٹ ختم ہو جائے گا اور آپ کی مالی پریشانی بھی۔ اگر اس سلسلے میں کوئی مشکل پیش آئے تو دوبارہ سوال بھیجنے کی زحمت نہ کریں۔

سوال۔ میں جب بھی گھر سے باہر نکلتا ہوں گلی کا کتا مجھے گھور کر دیکھتا ہے، کئی دفعہ گلی خالی بھی ہو تو مجھے لگتا ہے وہ کہیں نہ کہیں سے مجھے گھور رہا ہے، مجھے کتوں سے بہت نفرت ہے میں کیا کروں؟(گڈو چموٹا ۔ فیصل آباد)
جواب۔آپ دونوں personality clash کا شکار ہیں۔ کتے کا گلی میں نہ ہوتے ہوئے بھی محسوس ہونا اس بات کی علامت ہے کہ آپ کی چھٹی حس ،ساتویں حس میں تبدیل ہو چکی ہے، یقیناًجب گلی میں کتا نہیں ہوتا تو آپ مزید خوف میں مبتلا ہو جاتے ہیں ۔اس کا بہترین حل یہ ہے کہ اگر آپ کو گلی میں کتا نظر نہ آئے تو اپنی self satisfaction کے لئے تھوڑا سا ’’واؤ واؤ ‘‘ کر لیا کریں۔ اور اگر کتا واقعی موجود ہو تو پھر یہی عمل ذرا بلند آواز میں دہرا لیا کریں تاکہ دونوں طرف اجنبیت کی فضا ختم ہوسکے۔

سوال۔ مجھے لگتا ہے میرے شوہر کے اعصاب پر کوئی عورت سوار ہے جس کی وجہ سے وہ ہر وقت Tense رہتے ہیں، مجھ سے اپنے شوہر کی یہ پریشانی دیکھی نہیں جاتی ….. مجھے کیا کرنا چاہیے؟ (چاندنی بریانی۔کراچی)
جواب۔ سب سے پہلے توآپ کو چاہیے کہ اس عورت کو تلاش کریں جو آپ کے شوہر کی زندگی عذاب بنا رہی ہے، اس کا طریقہ بڑا آسان ہے….دوپہر دو بجے بیڈ روم کا دروازہ بند کرلیں، آنکھیں بند کر کے دو چار گہری سانسیں لیں اور ڈریسنگ ٹیبل کے شیشے کے سامنے بیٹھ کر آنکھیں کھول دیں اور پھر سامنے نظر آنے والی عورت سے شوہر کا پیچھا چھڑوانے کی ترکیبیں سوچیں۔

سوال۔ میری دو بیویاں ہیں اور دونوں ہی بہت اچھی ہیں،میرا ہر حکم مانتی ہیں ،آپس میں اور میرے ساتھ بہنوں کی طرح رہتی ہیں۔ لیکن میں ابھی تک اولاد کی نعمت سے محروم ہوں ۔کیا مجھے تیسری شادی کے بارے میں سوچنا چاہیے؟ (ندیم کھسہ ۔ ملتان)
جواب۔آپ کو تیسری شادی کی بجائے مائنس ون فارمولے پر غور کرنا چاہیے‘ اگر سردست ایسا ممکن نہ ہو تو بیویوں میں پھوٹ ڈلوانے کی کوشش کریں اور دونوں میں ’’جنگ پلاسی‘‘ کروا دیں تاکہ آپ کا کھویا ہو اعتماد اور انہماک بحال ہو سکے۔گل نوخیز