بلاگ

میل ملاپ والی شخصیت

یہ شخصیت Harmony کہلاتی ہے۔ یہ لوگ میل ملاپ اور لوگوں سے گھلنے ملنے کے بہت رَسیا ہوتے ہیں۔ چنانچہ لڑائی جھگڑے سے آخری حد تک بچنے کی کوشش کرتے ہیں، کیوں کہ ان کے نزدیک، تصادم سے کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ ایسے موقع پر کہ جہاں ایک معاملے پر مختلف آرا رکھنے والے افراد موجود ہوں، یہ شخصیت رکھنے والے کوشش کرتے ہیں کہ ایک عمومی رائے تلاش کی جائے جس پر سب ہی متفق ہوں۔

ان افراد کیلئے ’’دوستی‘‘ سب سے اہم قدر ہوتی ہے۔ یہ افراد اپنی رائے دوسروں پر مسلط کرنے کو حماقت اور وقت کا زیاں سمجھتے ہیں۔ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ اپنی رائے اپنے پاس رکھی جائے اور دوسروں کی رائے کو انھی کے پاس رہنے دیا جائے تو ہماری کارکردگی بڑھ سکتی ہے، کیوں کہ ہم رائے مسلط کرنے اور دوسروں کی حمایت حاصل کرنے کی چاہت میں اپنا بہت سا وقت اور توانائی ضائع کردیتے ہیں۔ اس وقت اور توانائی کو اگر اپنے کام میں لگایا جائے تو ہماری کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔

یہ لوگ اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں کہ رائے کا اختلاف فطری ہے اور ہمیں دوسروں پر اپنی رائے تھونپنے کا کوئی حق نہیں۔ جب دوسرے دعوے کرتے ہیں تو یہ کسی دعوے سے متاثر ہوئے بغیر اپنی رائے کے مطابق آرام سے زندگی گزارتے ہیں۔ بلکہ کوشش کرتے ہیں کہ انھیں ان کے دعووں کے باوجود اپنے ساتھ کیوں کر شامل کیا جاسکتا ہے۔ یہ افراد اپنا حلقہ اثر ہر ممکن حد تک بڑھانے کی کوشش میں رہتے ہیں تاکہ وہ جو کچھ چاہتے ہیں، اس کی تکمیل میں درکار صلاحیتوں کے حامل افراد سے مدد لی جاسکے، خواہ ان کی رائے کتنی ہی مختلف کیوں نہ ہو۔ یہ افراد سب کو ایک ہی کشتی کے سوار سمجھتے ہیں۔ سب کو کشتی کی ضرورت ہے، خواہ کسی کو کہیں بھی جانا ہو، کوئی کسی بھی فکر کا حامل ہو… کشتی ہر ایک کی مجبوری ہے۔ میل ملاپ رکھنے والے افراد شور کرنے، تماشا دکھانے اور نعرے لگانے کی بجائے عمل کو اہمیت دیتے ہیں۔
میل ملاپ والی شخصیت کیلئے مفید مشورے

درج ذیل ہدایات اور مشورے آپ کو آپ کی Harmony شخصیت کے مطابق درست کیریر کے انتخاب میں مددگار ہوسکتے ہیں۔ جب آپ ان پر غور کریں تو وہ کیریر منتخب کریں جو آپ کے خیال میں آپ کی شخصیت سے سب سے زیادہ قریب ہو۔٭ کسی بھی معاملے کے ایسے پہلو کو دیکھئے جو عملی اور متفقہ ہو۔٭ ٹیم میں اختلافِ رائے رکھنے والوں کے نقطہ نظر کو سمجھئے۔ یوں پروجیکٹ میں شامل افرادِ کار کی مختلف صلاحیتیں اس کام کو بہتر سے بہتر بنانے میں معاون ہوں گی۔٭ کسی معاملے میں اختلاف زیادہ بڑھ جائے تو اپنی صبر اور ملاپ والی صلاحیت کو ضرور استعمال کیجیے۔ آپ کی یہ خوبی معاملات کو بہ حُسن و خوبی حل کرنے میں بہت مددگار ہوگی۔

٭ ایسی ٹیکنیکس سیکھئے جن سے اختلافِ رائے اور تصادم کو ختم کرنے (Conflict resolution) میں مدد ملتی ہو۔٭ ایسے کیریر جس میں بہت زیادہ بحث و مباحثہ کرنا پڑے یا مختلف لوگوں سے الجھنا ہو، آپ کیلئے قطعاً غیر مناسب ہے۔٭ اس شخصیت کیلئے مناسب کیریر: ایونٹ مینیجر، ٹیکس ایکسپرٹ، فنانشل، اسپورٹس کوچ و مینیجر، پروجیکٹ مینیجر۔