بلاگ صحت معلومات

بلیک اور وائٹ ہیڈز سے نجات پائیں!

جس طرح سفید کپڑے پر کوئی معمولی سا نشان یا داغ آجائے تو نمایاں ہونے کے ساتھ ساتھ برا محسوس ہوتا ہے۔ اسی طرح صاف شفاف جلد پر اگر کوئی ہلکا سا بھی نشان، داغ یا دھبا ظاہر ہو تو شخصیت کا رنگ پھیکا پڑ جاتا ہے۔ خاص طور پر خواتین کے لیے اور ایسی خواتین کے لیے جو بہت حساس ہوتی ہیں جلد پر کوئی بھی نشان ایک امتحان بن کر رہ جاتا ہے۔ اکثر خواتین کو دیکھا گیا ہے کہ ان کی ناک اور اس کے آس پاس حصے میں باریک سیاہ نشان جسے بلیک ہیڈز کہتے ہیں نمودار ہونے لگتے ہیں۔ یہ ہیڈز بلیک اور وائٹ دو طرح کے ہوتے ہیں جو چہرے پر پھیلنے کے ساتھ ہی حسن کو گہن لگا کے رکھ دیتے ہیں۔ اس کے بہت سے علاج ہیں اگر ان پر عمل کیا جائے تو آسانی سے بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز سے نجات ممکن ہے۔ یہ بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز اکثر اتنے زیادہ نمایاں ہوتے ہیں کہ میک اپ کی مہنگی سے مہنگی پروڈکٹ استعمال کرنے کے باوجود چھپنے کا نام نہیں لیتے۔ جس سے جلد کی خوبصورتی ماند پڑ جاتی ہے اور جلد بے رونق اور کھردری ہوجاتی ہے۔

بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز سے نجات کے طریقے: اسٹیم کی مد د سے: بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز سے نجات حاصل کرنے کے لیے مساج اور بھاپ ایک نہایت ہی بہترین ذریعہ ہے۔ یہ طریقہ گھر میں بھی با آسانی کیا جاسکتا ہے۔ کسی اچھے موسچرائزر سے دس منٹ تک چہرے کا نرمی سے مساج کریں۔ خاص طور پر جہاں بلیک ہیڈز ہوں وہاں زیادہ مساج کریں تاکہ وہ نرم ہو جائیں۔ اسکے بعد اسٹیم لیں۔ اب پانی میں بھیگے تولیے سے نرمی کے ساتھ چہرے کو رگڑ کر صاف کریں۔ جہاں بلیک ہیڈز موجود ہوں انہیں ہلکے سے دبا کر نکالیں۔ اسکے بعد ٹونر لگائیں یا برف سے مساج کریں۔ تاکہ مسام بھر جائیں اور وہاں دوبارہ بلیک ہیڈز نہ بن سکیں ۔

لیموں اور شہد کی مدد سے: ایک درمیانی سائز کے لیموں کو بیچ سے کاٹ کر دو ٹکڑے کرلیں۔ پھر کٹی ہوئی سطح پر شہد ڈالیں۔پھر لیموں پر تھوڑی سی چینی یا نمک چھڑکیں۔ پھر دھیرے دھیرے اسفنج کی مدد سے چہرے پر ظاہر ہونے والے بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز پر دائروں کی صورت میں ملیں۔ ہفتے میں ایک بار ایسا کرنے سے چہرے سے بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز غائب ہوجائیں گے اور چہرہ صاف ہوجائے گا۔

ویسلین کی مدد سے : ویسلین کی مدد سے چہرے کے بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز صاف کرنے کا سب سے اچھا وقت نہانے کے بعد کا ہے، اس وقت جلد کے مسام کھلے ہوئے اور نرم ہوتے ہیں۔ متاثرہ جگہ پر ویسلین لگا کر اسے پلاسٹک شاپر سے ڈھانپ دیں۔ پھر اس پر ہلکا گرم تولیہ رکھیں جب تک وہ ٹھنڈا نہ ہوجائے۔ پھر ٹشو سے چہرے کو صاف کرلیں اور آہستہ آہستہ جلد کو دبائیں ، اس سے بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز باہر آجائیں گےاور چہرہ تروتازہ اور صاف ہوجائے گا۔

احتیاط: چہرے پر ناک اور اس کے اطراف حصوں میں بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز کو ہاتھ، ناخن، پن یا کسی اور چیز سے دبا کر نکالنا خطرناک ہوتا ہے۔ ایسا کرنے سے جلد پر نشان باقی رہ جاتے ہیں جو عمر کے آخری حصے تک ساتھ نہیں چھوڑتے۔
یہ بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز خود صاف کرنا آسان نہیں ہوتا اس کے لیے اگر کسی ماہر بیوٹیشن کی خدمات حاصل کی جائیں تو بہتر ہے۔
اگر بھاپ کی مدد سے چہرے کے بلیک اینڈ وائٹ ہیڈز نکال رہی ہیں تو خیال رکھیں کہ بھاپ بہت زیادہ نہ ہو جس سے جلد کو کوئی نقصان نہ پہنچ سکے۔ بھاپ لیتے ہوئے تولیہ ہمیشہ نیا اور دھلا ہوا استعمال کریں تاکہ جراثیم اور میل سے پاک ہو۔