اسلام بلاگ معلومات

آسیب، اولاد، رشتے، کاروبار، بیماری، ہلاکت کے جادو کے لیے رقیہ شرعیہ

آسیب اور جادو کے جن میں فرق ہوتا ہے۔ آسیب سے مراد وہ جن ہے جو کسی وجہ سے آپ کے ساتھ متعلق ہو گیا۔ مثلا وہ آپ کے اس آبائی گھر میں تھا کہ جہاں آپ کی پیدائش ہوئی، پلے بڑھے، تو وہ آپ سے متعلق ہو گیا یا کہیں سفر میں آپ سے متعلق ہو گیا۔ اس کے متعلق ہونے کی دو صورتیں ہوتی ہیں؛ یا تو اسے آپ سے محبت ہو گئی ہو اور یہ عموما جنس مخالف سے ہوتی ہے۔ ایسا عاشق جن آپ کی شادی میں رکاوٹ بنتا ہے یعنی آپ کی شادی نہیں ہونے دیتا۔ اور بعض اوقات خواب یا نیم خوابیدگی میں آپ سے ایسے تعلق بھی قائم کرتا ہے کہ جس سے انسان شدید کراہت محسوس کرتا ہے۔ اسے اصطلاح میں "عاشق جنی” کہتے ہیں۔

یہ خواب میں بلی کی صورت آتا ہے۔ اس کی علامات یہ بھی ہیں کہ نیند بہت زیادہ آتی ہے، کثرت سے احتلام ہوتا ہے یا خواب میں کسی سے ایسے تعلق قائم ہوتا محسوس ہے جیسے جاگتے میں ہو رہا ہو۔ اس کے علاج کا رقیہ شرعیہ ذیل کا دم ہے جو 21 دن تک صبح شام ہینڈ فری لگا کر سنیں۔ دم سننے کے بعد سامنے پڑے پانی کے گلاس میں پھونک مار کر اسے پی لیں اور اس پانی کو نہانے کے پانی میں ملا کر اس سے نہائیں بھی۔ اس وظیفے کے دوران اگر یہ خواب میں بلی کی صورت نظر آئے تو اسے گھر سے نکال دے، بھلے جتنی مرضی منت سماجت کرے یا تعلق کا اظہار کرے۔

دوسری صورت یہ ہوتی ہے کہ کسی جن کو آپ سے انجانے میں تکلیف پہنچی ہو اور وہ رد عمل میں آپ کو اذیت دینے لگ جائے۔ صحیح مسلم کی روایت میں ہے کہ ہڈی اور گوبر سے استنجا کرنے سے بچو۔ یعنی نہ تو ان چیزوں کو استنجا کے لیے استعمال کرو اور نہ ہی ایسے مقامات پر استنجا کرو کہ جہاں ہڈی اور گوبر ہو کیونکہ ہڈی جنات کی خوراک ہے اور گوبر ان کے جانوروں کی خوراک۔ دیہات اور گاؤں وغیرہ میں لوگ عموما گوبر کے ڈھیر یا ہڈی وغیرہ پر پیشاب کر دیتے ہیں یا درخت کے نیچے کہ جہاں جنات کی رہائش ہو تو وہ اس سے اذیت محسوس کرتے ہیں اور جواب میں اس انسان کو تنگ کرتے ہیں۔ اسے آسیب کہتے ہیں۔

اس کی علامات یہ بھی ہیں کہ یہ سوتے میں آپ کے جسم کو سُن کر دیتا ہے۔ خواب میں آپ کو ڈراتا ہے اور عموما شیر کی صورت آتا ہے۔ بلاوجہ شدید قسم کی سر درد کی وجہ بنتا ہے اور یہ درد وظیفہ سننے سے اپنی جگہ بدلتی رہتی ہے۔ اس درد کو مِی گرین (migraine) کی درد کہا جاتا ہے کہ جس کے بارے ابھی تک کی سائنس یہ کہتی ہے کہ اس کی وجہ نامعلوم ہے یا دماغ کی کوئی اینارمل ایکٹوٹی ہے۔ اس کے علاج کے لیے بھی ذیل کا دم 21 دن تک صبح شام ہینڈ فری لگا کر سنیں۔ دم سننے کے بعد سامنے پڑے پانی کے گلاس میں پھونک مار کر اسے پی لیں اور اس پانی کو نہانے کے پانی میں ملا کر اس سے نہائیں بھی۔ اس وظیفے کے سننے کے دوران جسم کے جس حصے میں درد ہو تو اس حصے پر یہ دم والا پانی بہائیں۔

مزید پڑھیں: انتہا پسندی کا خاتمہ ہونا چاہے؛ بھلے مذہبی ہو، لبرل ہو یا لسانی ہو

جادو کا بھی جن ہوتا ہے کہ جو اس شخص کو اذیت دیتا ہے جس پر جادو کروایا گیا ہو اور عموما خواب میں کتے یا سانپ کی صورت آتا ہے۔ جادو کبھی کالا ہوتا ہے کہ اس کا مقصد دوسرے کو نقصان پہنچانا ہوتا ہے جیسے کسی کے کاروبار اور ملازمت کا خاتمہ، کسی کا رشتہ نہ ہونے دینا یا رشتہ تڑوا دینا مثلا طلاق یا خلع کروا دینا، کسی کی اولاد نہ ہونے دینا۔ اور بعض اوقات یہ سفید ہوتا ہے کہ جس کا مقصد اپنا فائدہ حاصل کرنا ہوتا ہے جیسا کہ کسی پر محبت کا جادو کروانا تا کہ اس کی طرف میرا رشتہ ہو جائے۔

اب جادو کبھی انسانوں کی طرف سے ہوتا ہے یعنی حاسدین جادوگر کو رقم دے کر جادو کرواتے ہیں اور اس کی دو صورتیں ہوتی ہیں؛ کبھی کالا جادو ہوتا ہے کہ جس میں کفریہ اور شرکیہ کام کر کے جادوگر جنات کو خوش کرتا ہے اور وہ رضاکارانہ طور پر اس کی خدمت کرتے ہیں اور اس کے کام آتے ہیں۔ دوسری صورت میں تعویذ گنڈا کیا جاتا ہے اور عموما نمبروں والے تعویذ اس مقصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ نمبروں والے تعویذ شرک ہی کی ایک صورت ہیں، بھلے ان سے کام ہو جاتا ہو۔ اور کام تو کالے جادو کے تعویذات سے بھی ہو جاتا ہے۔ اور تیسری صورت یہ بھی ہوتی ہے کہ بعض لوگوں پر خود شیاطین جادو کرتے ہیں اور یہ عموما ایسے لوگوں پر ہوتا ہے جو دین کا کام کر رہے ہوں اور شیاطین کا مقصد انہیں دین کے کام سے روکنا ہوتا ہے۔ جادو کے علاج کے لیے بھی ذیل کا دم 21 دن تک صبح شام ہینڈ فری لگا کر سنیں۔ دم سننے کے بعد سامنے پڑے پانی کے گلاس میں پھونک مار کر اسے پی لیں اور اس پانی کو نہانے کے پانی میں ملا کر اس سے نہائیں بھی۔ اس وظیفے کے سننے کے دوران جسم کے جس حصے میں درد ہو تو اس حصے پر یہ دم والا پانی بہائیں۔

جادو اور سحر کے علاج کے لیے بیری کے پتوں، کلونجی، شہد، سنا مکی، زم زم اور زیتون کے تیل کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ بیری کے سات پتے لیں اور انہیں پیس کر پانی میں ابال لیں۔ اب درج بالا رقیہ شرعیہ سن کر اس پانی پر پھونک مار کر وہ پانی 21 دن تک پینے اور نہانے کے لیے استعمال کریں۔ اسی طرح درج بالا رقیہ شرعیہ سننے کے بعد زیتون کے تیل پر پھونک مار کر اس تیل سے پورے جسم کی مالش کریں۔ اسی طرح شہد لے کر رقیہ شرعیہ سن کر اس پر پھونک مار کر اسے پینے کے استعمال کریں۔ اسی طرح کا استعمال کلونجی اور سنا مکی کا بھی کیا جاتا ہے۔ اگر رقیہ شرعیہ سننے کے ساتھ ساتھ بیری کے پتوں، زیتون کے تیل، شہد اور زم زم کے پانی کا استعمال کر لیا جائے تو جلد شفا ہو جائے گی، ان شاء اللہ عزوجل۔

البتہ علاج کے بعد سستی نہ کریں اور معوذات یعنی وہ دعائیں کہ جن کے شروع میں "اعوذ باللہ” آتا ہے جیسا کہ «أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّاتِ الَّتِي لَا يُجَاوِزُهُنَّ بَرٌّ وَلَا فَاجِرٌ، مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَذَرَأَ وَبَرَأَ، وَمِنْ شَرِّ مَا يَنْزِلُ مِنْ السَّمَاءِ، وَمِنْ شَرِّ مَا يَعْرُجُ فِيهَا، وَمِنْ شَرِّ مَا ذَرَأَ فِي الْأَرْضِ، وَمِنْ شَرِّ مَا يَخْرُجُ مِنْهَا، وَمِنْ شَرِّ فِتَنِ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ، وَمِنْ شَرِّ كُلِّ طَارِقٍ إِلَّا طَارِقًا يَطْرُقُ بِخَيْرٍ يَا رَحْمَنُ» اور سو مرتبہ "لا إلَهَ إِلاَّ اللهُ وَحْدَهُ لا شَرِيكَ لَهُ، لَهُ المُلْكُ؛ وَلَهُ الحَمْدُ، وَهُوَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ” کو ہمیشہ کے لیے زندگی کا معمول بنا لیں، اس سے باذن اللہ تعالی آئندہ کے لیے جادو ٹونے سے حفاظت رہے گی۔